اسد افراد کی اپنے اور دوسرے برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے شادیاں

اسد عورت اور حوت مرد

یہ جوڑا ایک اچھی زندگی گزارتا ہے۔ حوت مرد بہت نرم مزاج ہوتے ہیں۔ یہ بہت ذہین بھی ہوتے ہیں اور تمام معاملا پر ان کی نگاہ بہت گہری ہوتی ہے۔ اسد عورت تیز مزاج رکھتی ہے، بات بات پر جھگڑنا اس کی عادت ہوتی ہے لیکن دوسری طرف حوت مرد اس کے بالکل بر عکس ہوتا ہے۔ وہ ایسی تمام باتوں کو درگزر کر دینا چاہتا ہے۔ اسے اپنے گھر سے بہت لگاﺅ ہوتا ہے اس لئے اس کے استحکام اور سلامتی کے لئے یہ خون کے گھونٹ بھی پی سکتا ہے۔
    حوت مرد تخلیقی ذہن کا مالک ہوتا ہے اس لئے اس کا رجحان مصوری، شاعری، افسانہ نگاری یا فنون لطیفہ کے کسی نہ کسی شعبہ سے ضرور ہوتا ہے۔ یہ اپنے اس شعبہ میں بہت سنجیدہ ہوتا ہے اور اس سے بہت محبت کرتا ہے۔ یہ اس شعبے میں یکسوئی سے کام کرنا چاہتا ہے اس لئے ہر قسم کے جھگڑوں وغیرہ سے خود کو دور رکھتا ہے۔
    اس گھر کی سلامتی کی ذمہ داری در اصل خاتون خانہ پر ہوتی ہے۔ اگر وہ چاہے تو گھر میں خوش گوار ماحول بنا سکتی ہے۔ اگر وہ شوہر سے ہنس کر بات کر لے تو شوہر اس پر جان نچھاور کر سکتا ہے۔ حوت مردبچوں سے بہت محبت کرتے ہیں، ان کی نگہداشت اور پرورش بڑے اچھے انداز میں کرتے ہیں۔