مکمل راستہ
برج
سنبلہ
سنبلہ باریک بینی والا اور حقیقت پسند، ہر کام میں ترتیب اور بہتری لاتا ہے۔
سنبلہ مرد کی خصوصیات
باہمت اور احتساب پسند
تفصیل
عام حالات میں یہ اپنے معمولات میں بڑی ہمت سے کام لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ بہت کم اپنے مقاصد میں ناکام ہوتے ہیں۔ ایسے معاملات جن میں دوسرے لوگ ہاتھ پیر چھوڑ دیتے ہیں، برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد ڈٹے رہتے ہیں اور جب تک اپنا مقصد حاصل نہ کر لیں ہمت نہیں ہارتے ہیں، چونکہ محنت کرنا ان کی فطرت کا ایک حصہ ہوتا ہے کوئی بھی شعبہ ہو یہ لوگ محنت سے نہیں گھبراتے ہیں، ہاں کئی ایسی جگہوں پر یہ مشتعل ہو جاتے ہیں جہاں ان کی محنت کا ثمرنہ مل رہا ہو یا ان کی محنت کا اعتراف نہ کیا جا رہا ہو، اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد سے اگر کسی کو کام لینا ہو تو ہر مرحلے پر ان کی حوصلہ افزائی اور تعریف کرتا رہے۔ اپنے معاملات میں تو ان لوگوں کوکسی کی تعریف یا اعتراف کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس لئے یہ لوگ اپنی تعریف اور اپنا احتساب خود ہی کرتے چلے جاتے ہیں۔
متعلقہ صفحات
31 صفحاتسنبلہ مرد
سنبلہ مرد فطری طور پر عبادت گزار ہوتے ہیں۔ سچائی کو پسند کرتے ہیں اس لئے جھوٹ اور جھوٹوں سے انہیں سخت نفرت ہوتی ہے۔ وہ ایسی محفلوں میں بیٹھنا پسند نہیں کرتے جہاں جھوٹ بولا جائے۔ جس طرح انہیں جھوٹ سے نفرت ہوتی ہے ایسے ہی یہ نہ تو دھوکا دیتے ہیں اور نہ ہی دھوکا دہی کو پسند کرتے ہیں یہ کچھ منتقم المزاج بھی ہوتے ہیں اس لئے اگر انہیں دھوکا دے جائے تو کوشش کرتے ہیں اپنا بدلہ ضرور لے لیں لیکن ایسی کیفیت میں بھی ان کے من کی سچائی اور انصاف پسندی برقرار رہتی ہے لہٰذا وہ کوشش کرتے ہیں کہ اسی حد تک انتقام لیا جائے جس حد تک انہیں دھوکا دیا گیا ہے۔ محبت کے سلسلے میں ان پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ جس کسی کو چاہتے ہیں نہایت ٹوٹ کر چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اکثر انہیں دھوکے کا دکھ اٹھانا پڑتا ہے کیونکہ یہ تو سامنے والے سے نہایت سچی محبت کر رہے ہوتے ہیں اور وہ انہیں دھوکا دے جاتا ہے۔
انصاف پسند اور محنتی
یہ انصاف پسند کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگوں میں اقربا پروری اور تعصب بالکل نہیں ہوتا ہے اور ان کی وجہ سے ایسے لوگوں کو اکثر مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان سے یہ توقع کر رہے ہوتے ہیں کہ یہ ان کے ساتھ کسی رشتے ناطے کی وجہ سے تعاون کریں گے۔ یہ لوگ انصاف کی بات کر دیتے ہیں اور ان سے امید لگانے والے منہ دیکھتے رہ جاتے ہیں۔ یہ لوگ محنت سے کبھی نہیں گھبراتے ہیں۔ اگر یہ کوئی کام کرنے کی ٹھان لیں تو اسے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیتے ہیں۔ اپنے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ سے یہ بہ خوبی نمٹنا جانتے ہیں۔ چونکہ یہ غصے کے بھی تیز ہوتے ہیں اس لئے جب ان کے راستے میں کوئی رکاوٹ آ جائے تو اسے نہایت شدت کے ساتھ ہٹاتے ہیں۔ رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کے ساتھ بھی یہ نہایت سختی کے ساتھ پیش آتے ہیں۔
دلائل پسند
جہاں یہ غصے والے ہوتے ہیں وہیں جلد ہی ان کا غصہ رفو بھی ہو جاتا ہے بشرطیکہ انہیں کوئی سمجھائے یا انہیں خود ہی کوئی دلیل مل جائے اور اگر ایسا نہ ہو تو ان کا غصہ بتدریج بڑھتا جا تا ہے۔ اس لئے دوسروں لوگوں کو اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ اگر برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والا شخص غصے میں آ جائے تو اسے کسی مناسب بات سے نارمل کرنے کی کوشش کریں۔ یہ لوگ چونکہ نہایت صاف گو اور صاف دل کے ہوتے ہیں اس لئے کسی کے خلاف اپنے دل میں بغص نہیں رکھتے۔ دیگر کئی برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد اکثر ایسی غلط حرکات کرتے ہیں کہ کسی کی بات دل میں رکھ لیتے ہیں اور اس سے انتقام لینے کے لئے مناسب وقت کا انتظار کرتے ہیں لیکن برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے اشخاص حساب فوراً برابر کر لینا پسند کرتے ہیں
غلط باتوں سے نفرت
صبر اور برداشت بھی ایسے افراد کا خاصا ہوتا ہے۔ ان کے اندر کسی چیز کے لئے ہوس نہیں ہوتی۔ یہ بات نہیں ہے کہ یہ کوئی مقصد حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوتے بلکہ یہ لوگ بڑے بڑے مقاصد حاصل کر لیتے ہیں لیکن ان مقاصد کے حصول کے لئے غلط راستوں کا انتخاب نہیں کرتے، کسی شارٹ کٹ ذریعے سے اپنے ٹارگٹ تک پہنچنا پسند نہیں کرتے بلکہ مقاصد کے حصول کے دوران صبر سے کام لیتے ہیں او ر انتھک محنت جاری رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ایسے شعبوں میں بڑا نام اور مقام پیدا کرتے ہیں جن میں صرف اور صرف محنت و لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔
دور اندیش
دیگر خصوصیات کے ساتھ ساتھ ان لوگوں میں ایک خاص بات یہ بھی ہوتی ہے کہ آنے والے وقت کے بارے میں ان کے اندازے درست ثابت ہوتے ہیں۔ اکثر وہ دوسرے لوگوں کو اپنے درست اندازوں کی وجہ سے حیران کر دیتے ہیں۔ اگر دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے کئی افراد آنے والے وقت کے بارے میں اپنی کوئی رائے دیں تو ان کے مقابلے میں برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی پیش گوئی درست ثابت ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔
بہترین حکمت عملی
اپنی محنت، لگن، ذہانت اور دیگر خصوصیات کی وجہ سے یہ لوگ آسودہ حال ہوتے ہیں چونکہ دور اندیش ہوتے ہیں اس لئے آنے والے خراب حالات کا پہلے سے اندازہ لگا کر پیش بندی کر لیتے ہیں، یوں وہ خراب حالات کو آنے ہی نہیں دیتے۔ ویسے بھی ان کی حکمت عملی ہر وقت اتنی اچھی رہتی ہے کہ ان کے لئے حالات موافق ہی رہتے ہیں۔ اسی وجہ سے بحث و مباحثے میں بھی یہ لوگ بڑے تیز ہوتے ہیں۔ اگرکسی مسئلے پر یہ لوگ بحث شروع کر دیں تو اس وقت تک دم نہیں لیتے جب تک یہ سامنے والے کو قائل نہ کر لیں۔ یہ لوگ کبھی غلط بحث نہیں کرتے اور اگر انہیں ذرا سا بھی احساس ہو جائے کہ وہ غلط بحث کر رہے ہیں تو وہ اپنی غلطی تسلیم کر لیتے ہیں اور دوسرے کی درست بات کو بڑے فراخدلانہ انداز میں مان لیتے ہیں۔
شرمیلا پن
ان کی شخصیت کا ایک عجیب و غریب پہلو یہ ہے کہ جہاں یہ لوگ بڑے با اعتماد اور بحث و مباحثے کے ماہر ہوتے ہیں وہیں کبھی کبھی یہ شرمیلے پن کا بھی مظاہرہ کرتے ہیں، ایسے اوقات میں یہ یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ یہ وہی لوگ ہیں جو اعتماد سے مالا مال ہیں۔
عزت کا خیال رکھنے والے
یہ لوگ اپنی اور دوسروں کی عزت کو بڑا مقدم رکھتے ہیں۔ بلا وجہ یہ کسی کی بے عزتی کرنا پسند نہیں کرتے، یہ الگ بات ہے کہ انتقامی طور پر یہ کسی کو بے عزت کرنے پر تل جائیں تو پھر ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔ عام حالات میں یہ لوگ ایک با عزت زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں اور اکثر اوقات اپنی عزت قائم رکھنے کے لئے بڑے سے بڑا قدم اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرتے، یہاں تک کہ اپنی جان تک دینے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔ ان لوگوں کو اپنے آباؤ اجداد، اپنی رسومات اور اپنی ثقافت سے بہت محبت ہوتی ہے۔ اس وجہ سے انہیں اکثر دقیانوسی خیالات کے مالک جیسے الفاظ بھی سننے کو ملتے ہیں جن کو یہ برا نہیں مانتے اور ہنس کر ٹال دیتے ہیں لیکن اپنی راہ سے ہٹتے نہیں ہیں، اس حوالے سے یہ دوسرے لوگوں کے لئے موضوع بحث بھی بنے رہتے ہیں۔ یہ لوگ ہر معاملے میں نفاست پسند ہوتے ہیں۔ فیشن ہو یا گھر کی آرائش، ان کی نفاست پسندی واضح طور پر نظر آتی ہے اور ان کی یہ نفاست پسندی صرف اپنی حد تک نہیں ہوتی بلکہ اس حوالے سے یہ دوسروں پر بھی نکتہ چینی کرتے ہیں اور اگر ممکن ہو تو دوسروں سے عمل کروا لیتے ہیں۔
تسخیر کرنے کی صلاحیت
یہ تسخیر کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہوتے ہیں۔ اگر یہ کسی چیز کو تسخیر کر لینے کی ٹھان لیں تو ان کے اندر موجود صلاحیتوں کاسمندر ٹھاٹھیں مارنے لگتا ہے، ان کا ذہن تیزی سے کام کرنے لگتا ہے اور یہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ میدان عمل میں کود پڑتے ہیں اور اپنی محنت، لگن، مستقل مزاجی اور ذہانت سے بالآخر اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتے ہیں، ایسے معاملات میں بھی یہ کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرتے۔
اخلاقیات
یہ لوگ اخلاقیات کے حوالے سے بھی بڑے حساس ہوتے ہیں۔ ان کی گفتگو میں دھیما پن، مسکراہٹیں، شگفتہ چٹکلے اور ہلکی ہنسی شامل ہوتی ہے۔ اخلاقیات سے گری ہوئی باتوں، حرکات و سکنات کو یہ سخت ناپسند کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے یہ دور رہتے ہیں جو بد اخلاق و بد کردار ہوں، جوا، سٹہ، شراب نوشی اور دیگر ایسی حرکات کی ان سے توقع نہیں کی جا سکتی۔ اگر انہیں ایسی باتوں کی جانب مائل کرنے کی کوشش کی جائے تو یہ سختی سے پیش آتے ہیں۔
مختصر گفتگو اور لکھنے کا فن
ان میں ایک خوبی یہ بھی ہوتی ہے کہ یہ اپنی بات کو مختصر الفاظ میں بھی بیان کر سکتے ہیں۔ ویسے تو انہیں اگر ضرورت پڑے تو یہ اپنی بات کی وضاحت کے لئے لمبی چوڑی تقریریں بھی کر سکتے ہیں لیکن ایسا اس وقت ہوتا ہے جب یہ سمجھتے ہیں کہ سامنے والے پر ان کی بات کا مناسب اثر نہیں ہو رہا ہے لیکن اگر ان کے سامنے کوئی ایسا شخص موجود ہو جو ذہین ہو تو یہ کم الفا ظ میں اسے اپنی بات سمجھا دیتے ہیں۔ جہاں انہیں بولنے پر قدرت حاصل ہوتی ہے وہیں یہ لکھائی کے شعبے پر بھی بڑی گرفت رکھتے ہیں۔ یہ اگر مزاحیہ مضمون لکھنا چاہیں تو بڑا اچھا مضمون لکھتے ہیں یا پھر کوئی خاص موضوع تحریرکرنا چاہیں تو اسے نہایت انہماک اور دلجمعی کے ساتھ لکھتے ہیں لیکن جب یہ اپنے احساسات و جذبات کے ساتھ کوئی بات لکھنا چاہیں تو وہ نہایت سنجیدہ ہوتی ہے۔
گہری سوچ اور گہرا مشاہدہ
گہرائی سے سوچنا، مشاہدہ کرنا اور سمجھنا بھی برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے مردوں کا خاصا ہوتا ہے۔ ان کا مشاہدہ بڑا گہراہوتا ہے۔ عام لوگ اس گہرائی سے مشاہدہ نہیں کرتے ہیں جس گہرائی سے برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے اشخاص کرتے ہیں۔ اسی طرح اگر یہ کسی بات میں دلچسپی لیں تو اس کے بارے میں بہت گہرائی میں جا کر سوچتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جب یہ اتنی گہرائی سے سوچتے ہیں تو اتنی ہی وضاحت سے بات کو سمجھتے بھی ہیں۔ دیکھنے والوں کو بالکل محسوس نہیں ہوتا کہ یہ افراد ہر چیز پر کتنی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن یہ لوگ اپنی فطرت کے مطابق ہر چیز پر نہایت گہری نظر رکھے ہوتے ہیں۔
تحمل مزاج
بظاہر یہ سنجیدہ اور لڑائی جھگڑے سے دور رہنے والے نظر آتے ہیں لیکن اگر کبھی ان کا جھگڑ ا ہو جائے تو یہ پیچھے بھی نہیں ہٹتے ہیں اور سامنے والے کو زیر کر لینے کی پوری پوری کوشش کرتے ہیں چونکہ یہ فطری طور پر صلح پسند ہوتے ہیں اس لئے جھگڑے کے دوران اور اس کے بعد ان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ بات کو کسی طرح ختم کر کے صلح کر لی جائے لیکن اس کا انحصار مخالف پر ہوتا ہے کہ وہ کیا چاہتا ہے، اگر وہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہوتا ہے تو پھر یہ لوگ بھی پسپائی اختیار کرنا پسند نہیں کرتے۔ ایک بڑی خوبی ان لوگوں میں یہ بھی ہوتی ہے کہ ان کی چھٹی حس بڑی تیز ہوتی ہے۔ یہ خطروں کو پہلے سے بھانپ لیتے ہیں اور آنے والے وقت سے نمٹنے کے لئے خود کو تیار کر لیتے ہیں۔
روحانیت سے دلچسپی
جہاں ان لوگوں کو مادی دنیا سے بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ وہیں یہ ماورائی اور روحانی دنیا کے بھی دلدادہ ہوتے ہیں انہیں ایسی باتیں اپنی جانب کھینچتی ہیں جن کا تعلق روحانیت اور ماورائی معاملات سے ہو۔ یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ اپنے مذاہب میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور وظائف اور چلوں وغیرہ کی طرف بھی ان کا رجحان رہتا ہے۔
اچھی یادداشت
دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مقابلے میں برج سنبلہ سے منسلک افراد کی یادداشت بہت اچھی ہوتی ہے۔ انہیں اکثر ایسی باتیں یاد رہ جاتی ہیں جو دوسرے لوگ بھول جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ جب اپنے بچپن کی باتیں کرتے ہیں یا کوئی گزرا ہوا واقعہ دہراتے ہیں تو اسے من و عن بیان کر دیتے ہیں اور ان کی یہ خوبی دوسروں کے لئے باعث حیران ہوتی ہے۔
انکساری
یہ لوگ منکسر المزاج ہوتے ہیں۔ انہیں چونکہ اپنی حیثیت کا بخوبی اندازہ ہوتاہے اس لئے اگر کبھی کوئی ان کی جا کر تعریف بھی کرے تو یہ انکساری سے کام لیتے ہیں۔
وقت کے پابند
ان کی ایک خوبی یہ بھی ہوتی ہے کہ یہ وقت کے پابند ہوتے ہیں۔ اگر یہ کسی کام کے لئے کوئی وقت منتخب کر لیں تو ان کی کوشش اور خواہش ہوتی ہے کہ وہ کام وقت مقررہ پر ہو جائے۔ کہیں پہنچنا ہو تو یہ لوگ وقت سے ذرا دیر پہلے پہنچنا پسند کرتے ہیں لیکن وقت کے بعد پہنچنا انہیں بالکل گوارہ نہیں ہوتا، ہاں اگر ایسے میں دوسرے لوگ وقت پر نہ پہنچ پائیں تو یہ لوگ چراغ پا ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے ساتھی اس معاملے میں محتاط رہتے ہیں اور اگر ان سے کوئی معاہدہ ، کوئی وعدہ کر لیں تو وقت کی پابندی کا خیال رکھتے ہیں ورنہ انہیں ایسے لوگوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
راز دار
یہ لوگ اعتماد کے قابل ہوتے ہیں۔ ان کے دوستوں کو کبھی ان کی جانب سے کسی دھوکے کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ چونکہ یہ لوگ سچے اور صاف دل کے ہوتے ہیں اس لئے دوسرے لوگ ان پر اندھا اعتماد کر لیتے ہیں اور یہ ان کے اعتماد کو کبھی ٹھین نہیں پہنچاتے۔ اگر کوئی انہیں اپنا راز بتا دے تو یہ اس راز کو اپنے سینے میں دفن کر لیتے ہیں اور کیسے بھی حالات آ جائیں یہ اس راز کو نہیں اگلتے اور اگر راز دینے والے فرد سے ان کا جھگڑا ہو جائے تو تب بھی کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے راز کسی پر ظاہر نہیں کرتے ہیں۔
وجدان
چونکہ ان لوگوں کو روحانیت اور ماورائی باتوں سے خاصا لگاؤ ہوتا ہے اس لئے ان پر اکثر وجدانی کیفیت بھی طاری ہو جاتی ہے لیکن عام لوگ اس کیفیت سے دو چار نہیں ہوتے بلکہ ایسے ہی افراد کا ایسی کیفیات سے واسطہ پڑتا ہے جو روحانیت کی طرف راغب ہوتے ہیں۔
رحم دل اور مدد گار
رحم دلی چونکہ ان لوگوں کی سرشت میں شامل ہوتی ہے اس لئے خلق خدا کے لئے بھلائی اور ان کی مدد کا جذبہ بھی ان کے اندر کوٹ کوٹ کے بھرا ہوتا ہے۔ یہ دوسروں کو تکلیف اور مشکالت میں نہیں دیکھ سکتے اور اگر کسی کو ایسے حالات میں دیکھ لیں تو بے چین ہو جاتے ہیں اور انہیں تکالیف و مسائل سے نکالنے کے لئے ان کی بھرپور مدد کرتے ہیں۔
صاف گو اور صاف دل
یہ لوگ بڑے صاف گو اور صاف دل ہوتے ہیں اور اکثر لوگ انہیں ان کی اس عادت کی وجہ سے منہ پھٹ بھی کہتے ہیں چونکہ یہ صاف دل کے ہوتے ہیں اس لئے کوئی بات دل میں نہیں رکھتے اور کسی قسم کا کوئی کینہ ان کے دل میں نہیں ہوتا۔
جذباتی
برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد جذباتی ہوتے ہیں اور اس کی وجہ بھی ان کی صاف گو اور سچی طبیعت ہوتی ہے چونکہ ان کے دل میں کوئی کھوٹ نہیں ہوتا اس لئے جب کوئی ان سے جھوٹ بولے، فریب کرے، دھوکا دے تو شدید تکلیف ہوتی ہے اور ایسے میں ان کا جذباتی ہوجانا فطری عمل ہوتا ہے۔ اس طرح یہ دیگر معاملات زندگی میں بھی جذباتی پن کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔
شاکر و صابر
صبر کے حوالے سے تو ہم ان لوگوں کی خصوصیت پر پہلے بھی روشنی ڈال چکے ہیں۔ ان کی ایک خصوصیت شکر کرنا بھی ہے۔ حالات جیسے بھی ہوں یہ لوگ محنت کرتے رہتے ہیں اور جو کچھ بھی انہیں میسر آجائے اس پر اپنے خدا کا شکر کرتے رہتے ہیں۔
رنگوں اور کپڑوں کی پسند
یہ ہلکے رنگوں کو زیادہ پسند کرتے ہیں، ہلکا نیلا رنگ انہیں بہت پسند ہوتا ہے۔ کپڑے اور دیگر اشیاء بھی اس رنگ میں زیادہ پسند کرتے ہیں۔ بالوں کی نفاست سے سنوارتے ہیں۔ ناخن بڑھنے نہیں دیتے بلکہ وقت پر کاٹ لیتے ہیں، غرض اس طرح کے کاموں میں نہایت نفاست کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
نقاد
جس قدر یہ لوگ تنقید کرتے ہیں، دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص ایسی تنقید نہیں کر سکتا۔ لوگوں کو اکثر ان کی تنقید گراں گزرتی ہے۔ لیکن اگر وہ لوگ ٹھنڈے دل و دماغ سے ان کی تنقید سن لیں تو فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ ان کی تنقید کا ایک بھی لفظ بے جا نہیں ہوتا۔ ساتھ ہی یہ دلچسپ بات ہے کہ دوسروں پر تو یہ کڑی تنقید کرتے ہیں لیکن جب کوئی ان پر ذرا سی بھی تنقید کر دے تو یہ اسے بڑی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور اکثر اوقات اپنی اس عادت کی وجہ سے نفسیاتی مسائل اور وہم کا شکار ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا ایسے لوگوں کو اپنی یہ خامی مد نظر رکھتے ہوئے اس پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ساتھ ہی یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہئے کہ دوسرے لوگ اپنے ان کی اس خامی کو بھانپ کر جان بوجھ کر انہیں پریشان کر سکتے ہیں۔
اپنی ذات کی اہمیت
یہ لوگ ہر لحاظ سے اپنی ذات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ یہ اپنے اخلاق و کردار پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ اپنی صحت کی طرف سے فکر مند رہتے ہیں۔ ذرا سے موٹے ہو جائیں تو پریشان ہو جاتے ہیں اور اگر دبلے ہو جائیں تو تب بھی پریشان ہو جاتے ہیں۔ جسم کی صفائی کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ یہ اکثر ایسی دوائیں اور معجون وغیرہ بھی استعمال کرتے ہیں جن کی انہیں ضرورت نہیں ہوتی لیکن یہ اپنی صحت کو درست رکھنے کی خاطر ایسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں اور اکثر ان کی حرکتیں پاگل پن کو چھوتی نظر آتی ہیں۔
عادی بننے کی خصوصیت
ان افراد میں یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ یہ کسی بھی اچھی بری بات کے عادی بن جاتے ہیں اگر اچھی باتوں کے عادی بن جائیں تو انہیں فائدہ ہوتا ہے اور اگر غلط باتوں کے عادی بن جائیں تو نقصان اٹھاتے ہیں ، خاص طور پر نشے اور جوئے وغیرہ کی عادت انہیں لے ڈوبتی ہے لہٰذا اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی اس خطرناک خصوصیت پر خاص نظر رکھنی چاہئے اور کسی بھی برے فعل سے دور رہنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
محبت اور رومان
دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی طرح برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے اندر بھی محبت اور رومان کے جذبات پوری طرح موجود ہوتے ہیں لیکن ان کی ایک خصوصیت انہیں اکثر حصول مقصد سے محروم کر دیتی ہے، یہ خصوصیت ان کی زیادہ غور و فکر کرنے کی عادت ہوتی ہے۔ یہ عادت دوسرے شعبوں میں تو ان کے لئے بڑی سود مند ثابت ہوتی ہے لیکن محبت اور رومان کے معاملے میں اکثر یہ غور و خوض کرتے رہ جاتے ہیں اور وقت نکل جاتا ہے، ان کی محبوبہ کی شادی کہیں اور ہو جاتی ہے ، اور یہ خود کو کوستے رہ جاتے ہیں۔
صحت
ان افراد کی صحت مجموعی طور پر اچھی رہتی ہے۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہ سبزیوں، پھلوں اور دیگر صحت بنانے والی اشیاء کو اپنے استعمال میں رکھتے ہیں اور دوسری وجہ وہی ہے جس کا ہم سطور بالا میں تذکرہ کر چکے ہیں یعنی ان کی فکر مندی، صحت کے حوالے سے چونکہ یہ لوگ اکثر فکر مند رہتے ہیں اس لئے اس حوالے سے اپنے آپ پر خصوصی دیتے رہتے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ان کی صحت اچھی رہتی ہے لیکن وہمی ہونے کی وجہ سے یہ اکثر خوراک سے محروم بھی رہ جاتے ہیں کیونکہ یہ اس غذا کے بارے میں کسی نہ کسی وہم کا شکار ہو جاتے ہیں اور نتیجتاً اسے چھوڑ دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں انہیں نہ تو کوئی ہدایت کی جا سکتی ہے اور نہ ہی وہ پورے طور پر اپنی اس کمزوری پر قابو پا سکتے ہیں کیونکہ یہ معاملہ ہے وہم کا یہ بات تو بڑی مشہور ہے کہ وہم کا علاج تو حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا۔ ان افراد کے لئے بہتر یہی ہے کہ یہ اپنی اس کمزوری پر قابو پانے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کریں۔ صحت اچھی رکھنے کے لئے صرف اور صرف غذاؤں اور چورن چٹنیوں پر انحصار نہ کریں بلکہ ورزش اور دیگر اس طرح کی صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں۔
کاروبار
یہ لوگ بڑے اچھے کاروباری ہوتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہ غور و فکر کے ماہر ہوتے ہیں۔ اس لئے تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں۔ دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ جلد بازی ان کی سرشت میں شامل نہیں ہوتی اور کسی بھی کاروبار کو جمانے اور اسے وسعت دینے کے لئے صبر و تحمل بے حد ضروری ہوتا ہے۔ کاروبار میں یہ دوسروں کے اچھے شراکت دار ثابت ہوتے ہیں، اس کی سب سے بڑی وجہ ان کی ایمانداری کی عادت ہوتی ہے۔ اپنے شرمیلے پن کی وجہ سے یہ کوشش کرتے ہیں کہ ان کا پارٹنر لوگوں کا سامنا کرے اور اکثر اوقات ان کے پارٹنر ان کی اس کمزوری کی وجہ سے انہیں دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں جس کا انجام کاروبار کا خاتمہ ہوتا ہے کیونکہ یہ لوگ نہ تو دھوکا دیتے ہیں اور نہ ہی دھوکا بازوں کو پسند کرتے ہیں۔ کاروباری امور میں دیگر برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اگر سنبلہ لوگوں سے بڑے فوائد حاصل کرنے ہیں تو وہ خود ان سے پوچھ لیں کہ وہ کون سی ذمہ داریاں سنبھالنا پسند کریں گے۔ اس طرح سنبلہ افراد اپنے من کی بات بتا دیں گے۔ پارٹنر کو چاہئے کہ جن شعبوں کو سنبلہ افراد پسند نہیں کرتے وہ ان پر ٹھونسنے کی کوشش نہ کریں ورنہ ان کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ایک اور مناسب طریقہ یہ ہے کہ سنبلہ افراد اپنے پارٹنر کو پہلے ہی بتا دیں کہ وہ کیا ذمہ داریاں پسند کریں گے۔ سنبلہ افراد کے پارٹنر کو ایک بات کا اور خیال رکھنا چاہئے کہ وہ ان افراد کی تنقید کو فراخ دلی سے قبول کر یں، ان کی کہی ہوئی باتوں پر ٹھنڈے دل و دماغ سے غور کریں۔ کیونکہ سنبلہ افراد کی تنقید صرف تنقید نہیں ہوتی بلکہ یہ لوگ برائے اصلاح کے اصول پر گامزن ہوتے ہیں۔ سنبلہ افراد میں چونکہ غرور نہیں ہوتا بلکہ انکساری اور محبت ان کی شخصیت کا حصہ ہوتی ہے اس لئے زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح کاروباری معاملات میں بھی اکثر یہ لوگ ایسی حرکتیں کرتے نظر آتے ہیں جو دوسروں کے لئے حیرت و استعجاب کا باعث ہوتی ہیں۔ مثلاً اگر کسی دن چپڑاسی نہ آئے تو یہ سارے اسٹاف کے لئے چائے بھی بنا سکتے ہیں۔ کسی میز، کرسی، کمپیوٹر، ٹائپ رائٹر، کھڑکی وغیرہ پر گرد دیکھ کر خود اسے صاف کر سکتے ہیں۔ دیگر لوگوں کو چاہئے کہ سنبلہ افراد کی ان عادتوں کا غلط مطلب لے کر ان سے کوئی ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں ورنہ یہ لوگ اپنی عزت نفس مجروح ہوتے دیکھ کر اشتعال میں آ سکتے ہیں۔ ان افراد کے پارٹنر ان سے یہ فائدہ ضرور اٹھا سکتے ہیں کہ ان میں لین دین کے معالات سنبھالنے کی بڑی صلاحیت ہوتی ہے، اس لئے کسی پارٹی سے بارگیننگ کے دوران سنبلہ افراد کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ آسانی سے مشکل سے مشکل کاروباری معاملے کو سنبھال سکتے ہیں۔ خاص طور پر حوت اور جوزا فراد ان لوگوں کے ساتھ ذرا سنبھل کر چلیں کیونکہ حوت اور جوزا لوگ ان افراد کی حرکتوں سے جلد بیزار ہو سکتے ہیں
دوستی
ان لوگوں سے دیگر برج والوں کی دوستی بڑی مشکلوں سے ہوتی ہے کیونکہ سنبلہ افراد کسی سے آسانی سے دوستی نہیں کرتے۔ یہ سامنے والے کو بڑے گہرے انداز میں پرکھتے ہیں، خاص طور پر سامنے والا ان سے اس وقت نالاں ہو جاتا ہے جب یہ اس پر شک و شبہ کرتے ہیں۔ اگر آپ کسی سنبلہ فرد سے دوستی کرنا چاہتے ہیں تو اس کی ایسی باتوں کا برا نہ مانیں۔ وہ ایسی حرکتوں سے اپنی تسلی کر رہا ہوتا ہے اور جب وہ مطۂن ہو جاتا ہے تو دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہے اور پھر اس کی یہ دوستی بے لوث ہوتی ہے۔ وہ اپنے دوستوں کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دے سکتا ہے۔ وہ ہر طرح سے اپنے دوستوں کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دے سکتا ہے۔ وہ ہر طرح سے اپنے دوستوں کی عزت، جان، مال اور دیگر معاملات میں حفاظت کرتا ہے۔ کوئی اسکے دوست کی غیر موجودگی میں بھی اس کی برائی نہیں کر سکتا، اگر ایسا ہو تو یہ شخص برائی کرنے والے سے بڑی سختی سے پیش آتا ہے۔
یہ صفحات اسی زمرے میں ہیں
متعلقہ مضامین
6 مضامینبری خصوصیات
بات بات پر تنقید، چرب زبانی، طنز گوئی، تیز زبان، غیر مطئن رہنا، ہنگامہ آرائی، کاہلی، سستی، خوابوں سے ڈرنا
اچھی خصوصیات
رحم دلی، ایمانداری، انصاف پسندی، سچائی، ذہانت، قیافہ شناسی، انتھک محنت، خوش لباس، دور اندیش، منصوبہ ساز، تخلیق کار، تجزیہ نگار
حوت
حوت حساس، تخیل میں ڈوبا ہوا اور دوسروں کے لیے شفقت لاتا ہے۔
دلو
دلو مستقبل کو دیکھتا ہے، نئے آئیڈیاز اور انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہتا ہے۔
جدی
جدی ذمہ داری قبول کرتا ہے، عرصہ دراز کی منصوبہ بندی اور احتساب میں یقین رکھتا ہے۔
قوس
قوس سچائی کا متلاشی، سفر اور نئی دفتروں کے دروازے کھولتا ہے۔
یہ مضامین آپ کی دلچسپی کے ہو سکتے ہیں